اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان سمیت اپنے قریبی دوست ممالک کے ساتھ ترقیاتی تجربات اور کامیاب طریقہ کار کا تبادلہ کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم ہر ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی حالات مختلف ہوتے ہیں اور حکمرانی کا کوئی ایک ماڈل تمام ممالک کے لیے یکساں طور پر موزوں نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں پاک چین نوجوانوں کے مابین مکالمے کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
چینی سفیر نے چین کی ترقی، معاشی تبدیلی اور ادارہ جاتی استحکام میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی اعتماد، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔
نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے فکری ترقی، بین الاقوامی تجربات سے استفادے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کی پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کوششیں دونوں ممالک کے تعلقات کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
نشست کے دوران مقررین نے اڑان پاکستان کے پانچ نکاتی ترقیاتی ایجنڈے کو سی پیک کی پانچ راہداریوں سے ہم آہنگ کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، جوتا سازی اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری، ریکوڈک کے معدنی وسائل کی مقامی سطح پر پراسیسنگ اور شمسی پینلز، بیٹریوں اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
مقررین نے گلگت بلتستان اور ہنزہ میں چینی سیاحوں کو راغب کرنے، گوادر کے ذریعے بحری تجارت کو فروغ دینے اور تعلیمی و ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ زبانوں کی تعلیم، مشترکہ ثقافتی تقریبات اور عوامی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ نشست میں پاک چین دیرینہ شراکت داری کو مستحکم بنانے کے لیے نوجوان نسل کی فعال شرکت، اختراع اور علمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔











