ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم کو مزید مؤثر اور برآمدکنندگان کے لیے آسان بنانے کے لیے مجوزہ ترامیم کا جائزہ

5

اسلام آباد، 19 نومبر (اے پی پی): وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے، طریقۂ کار آسان بنانے اور اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے کاروبار دوست ماحول، برآمدات پر مبنی ترقی اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے وژن پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیرِ مملکت نے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم کو برآمدکنندگان کے لیے مزید آسان، قابلِ رسائی اور قابلِ پیش گوئی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں برآمدکنندگان کی درجہ بندی آسان بنانے، اجازت ناموں کی مدت کو مناسب بنانے اور نئے برآمدکنندگان سمیت چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے اسکیم تک رسائی بہتر بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف کلکٹریٹس میں ویلیو ایڈیشن کے یکساں طریقۂ کار اور قابلِ عمل فارمولے کے تعین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے اسکیم میں سہولتوں کے فروغ کے ساتھ شفافیت، یکساں طریقۂ کار اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کو برآمدکنندگان اور تجارتی اداروں کے ساتھ مسلسل مشاورت برقرار رکھنے اور مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دینے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ ترامیم کے نفاذ سے قبل برآمدکنندگان کو مجوزہ تبدیلیوں سے آگاہ کرنے کے لیے بریفنگ سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ وزیرِ مملکت نے اسکیم کو مزید مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کی ترقی کے لیے سہولتوں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔