لاہور، 2نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیر نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دیوالی خوشیوں، محبت اور روشنیوں کا تہوار ہے اور اس موقع پر پاکستان کی جانب سے دنیا بھر کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 4 نومبر کو رحیم یار خان میں دیوالی میلے کی شاندار تقریب منعقد ہوگی جبکہ لاہور میں 6 نومبر کو رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان سمیت ملحقہ علاقوں میں آباد ہندو برادری کو رحیم یار خان میں دیوالی میلے میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن ’’اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں‘‘ کے تحت اقلیتوں کے تحفظ، حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران اس حوالے سے کیے گئے اقدامات وزیراعلیٰ کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کے نتیجے میں پنجاب میں آباد اقلیتیں خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابری کے حقوق فراہم کرتا ہے اور ہندو برادری سمیت تمام اقلیتیں ملک کا اہم حصہ ہیں۔ دیوالی کا تہوار پاکستان کے امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دنیا تک پہنچانے کا بہترین موقع ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ دیوالی کی تقریبات کے ذریعے محبت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان کی دھرتی امن، محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے اور حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔











