اسلام آباد،12نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا تصور محض روایتی دفاعی امور تک محدود نہیں بلکہ اس میں سیاسی استحکام، معاشی مضبوطی، مؤثر طرزِ حکمرانی اور بحری سلامتی بھی بنیادی اہمیت کی حامل ہیں، انہوں نے قومی پالیسی سازی، جمہوری نگرانی اور پاکستان کے تزویراتی و معاشی مفادات کے تحفظ میں پارلیمان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں 56ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے شرکاء کے ساتھ ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے 45 ممالک سے تعلق رکھنے والے افسران سمیت کورس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں دوستی اور خیرسگالی کا سفیر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی تزویراتی بحری اہمیت اور بلیو اکانومی کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ تجارت، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے چیلنجز جن میں سائبر خطرات، گرے زون تنازعات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات شامل ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے جامع قومی حکمت عملیوں، فعال سفارتکاری اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مکالمے اور تعمیری روابط کے ذریعے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حالیہ امریکہ ایران کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مضبوط پارلیمان ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہوتی ہے کیونکہ قانون سازی، بجٹ کی منظوری اور پارلیمانی نگرانی قومی طرزِ حکمرانی، بشمول دفاع اور سلامتی کے امور کے لئے ایک ضروری آئینی فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے دفاعی امور کی پارلیمانی جانچ پڑتال میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔ پارلیمانی احتساب سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ کا حوالہ دیا اور بتایا کہ وہ باقاعدگی سے پارلیمانی کارروائی، بشمول وقفہ سوالات، میں شرکت کرتے اور ارکان کے سوالات کے جوابات خود دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی بامعنی شرکت جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور عوامی احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔قبل ازیں شرکاء کو سینیٹ کے آئینی کردار، فرائض اور طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے بعد سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی۔ اس دوران پارلیمانی نگرانی، دفاعی امور، بجٹ سازی کے عمل اور بلیو اکانومی سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے کفایت شعاری اقدامات اور اخراجات میں کی جانے والی بچت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی استعداد کار میں اضافے، پیشہ وارانہ تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کے لئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس ) کے کردار کو سراہا۔ اس سے قبل کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور انہیں کورس کے اغراض و مقاصد اور اس میں بین الاقوامی شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیئرمین سینیٹ نے پیشہ وارانہ عسکری تعلیم کے فروغ میں وار کالج کی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی روابط کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔ نشست کے اختتام پر کمانڈنٹ نے چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کا معلوماتی نشست کے انعقاد اور سہولت کاری پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر یادگاری شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔اس دورے سے شرکاء کو پارلیمان کی آئینی ذمہ داریوں اور قومی سلامتی، جمہوری طرزِ حکمرانی اور بحری ترقی میں اس کے کردار کو سمجھنے کا ایک اہم موقع فراہم ہوا۔











