ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے ،سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے تزئین و آرائش اور شجرکاری کے اقدامات جاری

4

 راولپنڈی 17 نومبر ( اے پی پی): : ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے، سرسبز ماحول کے فروغ اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں تزئین و آرائش اور شجرکاری کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

 اس سلسلے میں اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گرین بیلٹس کو موسمی پھولوں سے خوبصورتی کے ساتھ آراستہ کیا جا رہا ہے، جس سے شاہراہ کے اطراف دلکش اور رنگا رنگ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی ٹیموں کی جانب سے اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گرین بیلٹس میں موسم کے مطابق مختلف اقسام کے خوبصورت پھول لگائے گئے ہیں، جن کی رنگا رنگی نے شاہراہ کے مجموعی حسن کو مزید نکھار دیا ہے۔

 موسمی پھولوں کی مناسب ترتیب، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ شہریوں اور اس شاہراہ سے گزرنے والے افراد کو خوشگوار اور خوبصورت ماحول میسر آ سکے۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، چوکوں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف شہر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنا ہے بلکہ راولپنڈی کو صاف ستھرا، سرسبز و شاداب اور خوبصورت شہر بنانا بھی ہے۔

ایم ڈی احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور سرسبز ماحول کا فروغ ہارٹیکلچر ایجنسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے موسمی پھولوں کی شجرکاری، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور پودوں کی بروقت دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور جاری سرگرمیوں میں معیار اور تسلسل کو یقینی بنائیں۔

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو سرسبز، خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ شہریوں کو ایک بہتر، خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے اور سرسبز راولپنڈی کا خواب عملی طور پر شرمندۂ تعبیر ہو۔