اسلام آباد ، 31 اگست (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
بیلجیم میں پاکستان کے نامزد سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ سے وزارت خارجہ میں الوداعی ملاقات میں وزیر خارجہ نے بیلجیم کے نئے سفیر کو تعیناتی پر مبارکباد اور خطے کی صورتحال کے پیش نظر چند ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایسے وقت میں بیلجیم جا رہے ہیں جب پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو رکوانے کے لئے دنیا بھر سے روابط کر رہا ہے اور سفارتی زرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے ۔
وزیر خارجہ نے ظہیر اسلم جنجوعہ کی بطور ایڈیشنل سیکرٹری یورپ ڈویثرن وزارتِ خارجہ تعیناتی کے دوران مثالی کارکردگی کو سراہا جبکہ سفیر نے وزیر خارجہ کو پاکستان کے بہترین مفاد میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے کا یقین دلایا۔
اے پی پی/حمزہ/قرۃالعین











