وزیرِ اعظم عمران خان سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے وفد کی ملاقات

160

اسلام آباد،06ستمبر:  وزیرِ اعظم عمران خان سے  بروز جمعہ  کوٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیات کے ایک  وفد نے  وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر  وزیرِ اعظم کو ٹیکسٹائل  اور گارمنٹس کے شعبے میں ملکی استعداد، شعبے کی ترقی و فروغ میں حائل مشکلات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں شرح نمو محض 3.3فیصد ہے جس میں اضافے کے بے شمارمواقع موجودہیں۔

وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ امن امان کی صورتحال،  بنکوں سے اس شعبے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی، کاروباری سہولیات(ایز آف ڈوئنگ بزنس)، غیر ہنرمند لیبر اور طویل المدت پالیسی  کی عدم موجودگی وغیرہ بڑی رکاوٹیں تھیں جس میں خاطر خواہ بہتری آ رہی ہے اوراس کے علاوہ سازگار حالات اور تذویراتی اقدامات سے ملبوسات کی برآمدات کو 2030تک چالیس ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

اس  موقع پر  وزیرِ اعظم کو گارمنٹس اور ٹیکسٹائل کے وفد کی جا نب سے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ انکی تجاویز پر تفصیلی غورو خوض کیا جائے گا اوراس شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملبوسات کی تیاری اور برآمدات کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف ایک کثیر تعداد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ  مجموعی طور پر درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق کو کم کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔

اس موقع پر  مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اقبال، لیبر منسٹر پنجاب انصر مجید خان، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر حیدر گیلانی اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد