اسلام آباد ، 18 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، میڈیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مؤثر انداز سے اجاگر کر رہا ہے، پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے 5 اگست کے واقعہ کے بعد دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جس میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے بروقت اور مؤثر اقدامات سے دنیا کے ہراہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پر قومی پارلیمانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی اور سیکورٹی کونسل سمیت دنیا کے اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، مسئلہ کشمیر پاکستانیوں کیلئے کامن کاز بن چکا ہے، ہر پاکستانی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ پاکستان کی تمام حکومتوں کا کشمیر کے حوالے سے ایک ہی منشور تھا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور موجودہ حکومت قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
معان خصوصی نے کہا کہ پہلی مرتبہ دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے اوربھارت کو ہر جگہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اقوام عالم پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہیں اور بھارتی موقف مسترد کیا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر قوم کے جذبوں کی ترجمانی کرے گی۔ وزیراعظم ہر فورم پر پاکستان کی پارلیمنٹ کے موقف کو بھرانداز میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی بھارتی ظلم و بربریت کو شکت فاش ہوگی، اس کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم پاکستان کے ترجمان اور کشمیریوں کی آواز بنیں گے، قومی مفاد پر ہم سب ایک صفحے پر ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ 5 اگست کے بعد سے میڈیا نے کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا، 12 سال بعد یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، وزیراعظم نے مظفرآباد میں کھڑے ہوکر مودی کو للکارا تو اس کا او آئی سی پر بھی اثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھارتی بیانیہ کو مسترد کرکے آج ہمارے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کو اپنے بیانیے پر عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کشمیر ہم سب کو اکٹھا کرنے کا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ وزیراعظم کشمیر کاز کے لئے 18 گھنٹے کام کر رہے ہیں، آج دنیا وزیراعظم کی بات سن رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں ایک ذمہ دارانہ ریاست کا کردار بھی ادا کرنا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے، مظلوم کشمیریوں کی آواز کو پاکستانی میڈیا موثر انداز سے اجاگر کر رہا ہے، میڈیا کی وجہ سے یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔ مسئلہ کشمیر ہمارے لئے ایک مشترکہ کاز ہے، مسئلہ کشمیر پر سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ہم سب متحد ہیں۔ پاکستان خطے کی طاقت کا محور اور مرکز ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم آخری سانسیں لے رہا ہے، وہاں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
وی این ایس، اسلام آباد











