بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کی فضاء ساز گار ہے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

177

اسلام آباد ، 18 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے مقرر کردہ اہداف کو سامنے رکھ کر انھیں حاصل کرلیتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتیں ،کامیاب قومیں دوسروں کے لئے مشعل راہ ہوتی ہیں ،جب قیادت جرات مندی اور کمٹمنٹ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو وہ کامیابیاں اپنے نام کرتی ہیں ،پاکستان کے جنوبی کوریا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، سماجی اور معاشی  سمیت ہر شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں ،  بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کی فضاء ساز گار ہے ،جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو  پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پرخیر مقدم کرینگے،پاکستان کی خواتین با صلاحیت ہیں ،وہ ہر شعبے میں  تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہیں ہیں  ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو “گلوبل پیس میگزین اینڈ تھینک ٹینک ” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک مسٹر لی،میگزین کی چیف ایڈیٹر فریحہ عظیم شاہ ،میڈم ساجدہ ،سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا سمیت دیگرمہمانان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلوبل پیس میگزین نہ صرف علاقائی ،مقامی یا قومی بلکہ عالمی سطح کے اہم شعبوں میں ہونے والی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ پراپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ پاکستان کے سماجی شعبے ،معاشی شعبے اور دیگر اہم شعبوں میں خواتین آگے نہیں ہیں ،فریحہ شاہ کی اس کاوش نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کی خواتین میں کتنی صلاحیت موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلوبل پیس میگزین جنوبی کوریا کی عوام، کاروباری طبقات سمیت ہر شعبے کے مابین بہتر رابطے کا باعث بنے گا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ اسمبلی یوتھ کی نائب صدر کی حیثیت سے کوریا کا پہلا دورہ کیا اس کے بعد جتنا عرصہ ورلڈ اسمبلی یوتھ کا حصہ رہی اس دوران جنوبی کوریا کوبہت قریب سے دیکھا ۔انہوں نے کہا کہ کوریا کے حوالے سے جو تاثر تھا وہاں جا کر اسے بالکل مختلف پایا، 2004 میں کوریا مکمل طور پر تبدیل دیکھا،2008میں بطور وزیر پاپولیشن کوریا کا دورہ کیا اور ان کی ٹیِکنالوجی میں ترقی کودیکھا بہت سے شعبوں میں کوریا بہت آگے نکل چکا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کوریا کی دو نسلوں نے  دن رات اتنی محنت کی ،اب تیسری نسل ہے جو محنت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی عوام نے اپنے پیٹ پر پتھر باندھے اورجب تک جاپان کے مساوی اپنی ٹیکنالوجی نہیں کر لی اس وقت تک محنت جاری رکھی ۔انہوں نے کہا کہ کوریا کی یوتھ نے بھی کامیابیوں کی تاریخ رقم کی۔

وی این ایس ، اسلام آباد