کوئٹہ 19۔ فروری(اے پی پی) خاتون اول ثمینہ عارف علوی سے بدھ کے روز گورنرہاؤس کوئٹہ میں سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ کی قیادت میں ایس اوایس ویلج کے بچوں اور بچیوں نے ملاقات کی۔اس موقع پر بیگم گورنربلوچستان ڈاکٹرثمینہ امان اور رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ، خاتون اول کے ہمراہ تھیں۔چیئرپرسن ایس اوایس ویلیج اور سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ نے خاتون اول کو ایس اوایس ویلیج کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔اس دوران خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ نادار اور بے سہارا بچوں سے مل کر ذہنی سکون میسر ہوا اور یہ بچے بہت سی خداداد صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے حوالے سے ایس او ایس ویلیج کی چیئرپرسن اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ خاتون اول نے کہا کہ معاشرے میں ہر ذی فہم شخص کا یہ قومی فریضہ بنتا ہے کہ وہ ان بے سہارا بچوں کا سہارا بن کر اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ ایس او ایس ویلج کی معاونت اور رہنمائی سے یہ بچے معاشرے کے کارآمد اور مفید شہری بن جائیں گے۔
وی این ایس کوئٹہ











