پشاور، 20فروری(اے پی پی): سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپور نے کہا ہے کہ پشاور کے نواحی علاقوں میں پہلی ڈی آر سی آفس کا قیام خوش آئند قرار ہے کیونکہ ڈی آر سی کے قیام سے سول کیسز کو حل کرنے میں پولیس پر بوجھ کم ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ڈی آر سی آفس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ جرگے کو قانونی شکل دیکر ڈی آر سی کا نام دیا گیا ہے۔ بڈھ بیر ڈی آر سی کے قیام سے پشاور میں ڈی آر سیز کی تعداد چار ہوگئی ہے اور اس ڈی آر سی سے پشاور، بڈھ بیر ، متنی ، سربند ، متنی کے لوگوں کو فوری انصاف میسر ہوگا اور ان کے علاقائی مسائل ڈی آر سی میں حل ہونگے۔
سی سی پی او پشاور نے مزید کہا کہ بڈھ بیر کا علاقہ ماضی میں شدت پسندوں کے زیر اثر رہا ہے اور ایسے علاقے میں ڈی آر سی کا قیام پولیس اصطلاحات کی زندہ مثال ہے۔ سی سی پی او پشاور نے حاضرین کو بتایا کہ 21 ارکان پر مشتمل ڈی آر سی کونسل سول کسیز ،خواتین کے مسائل اور مقامی مسائل کو سنیں گی کیونکہ ڈی آر سی کا قیام پولیس ایکٹ کے تحت ہوا ہے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /ریحانہ











