تمام ائیرپورٹس اورخارجی راستوں پر سکریننگ کا عمل بہتر کر کے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے: ڈاکٹر ظفر مرزا

110

کوئٹہ، 26فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی  برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا  نے کہا ہے کہ انٹری پوائنٹ مضبوط کرنے کے بعد ایران سے آنے والے زائرین کو آنے کی اجازت دی جائے گی، ہمیں اپنے تمام  ائیر پورٹس اور  ر استوں پر سکریننگ کا عمل بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سکریننگ بہتر ہونے سے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے  کہا کہ کوئٹہ آنے کی وجہ ہمسایہ ملک ایران میں کرونا وائرس کا پھیلنا ہے اور ہمارے 500  کے قریب طالب علم قم شہر میں موجود ہیں، ہزاروں زائرین ایران جاتے ہیں اور  کرونا وائرس کے باعث  ایران سے ملحقہ علاقوں میں آمدرفت روک دی گئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا   نے کہا کہ اب تک چین اور ایران سمیت 30 ممالک میں کرونا وائرس کے متاثرین موجود ہیں۔ افغانستان میں کرونا وائرس کا مریض رپورٹ ہوا ہے ،پاک افغان سرحد چمن میں بھی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے   کہا کہ میں اور میری ٹیم کل تفتان جائیں گے، تفتان جا کر جائزہ لیں گے کہ ہمارے حفاظتی اقدامات کس طرح کے ہیں ، حفاظتی اقدامات میں کیا کمی ہے اور  سکریننگ میں کیسے بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ  مارکیٹ میں حفاظتی ماسک کی قلت کا نوٹس لیا ہے اور پاکستان سے باہر ماسک لیجانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہیں۔

سورس: وی  این ایس،  کوئٹہ