پاکستان پرامن اورمستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا: معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف

143

اسلام آباد، 13 مارچ (اے پی پی ):  معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن اور اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن اورمستحکم  افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانی قیادت کے تجویز کردہ سیاسی حل کو فروغ دیتا ہے۔

افغانستان کے سابق عہدیداروں اور سینئر سول سوسائٹی کارکنوں پر محیط اعلی سطحی وفد  سے ملاقات میں افغانستان میں امن ، سلامتی اور ترقی کے بارے میں گفتگو کرتے  ہوئے  ڈاکٹر معید یوسف کا  کہنا تھا کہ ہم پرامن اور مستحکم افغانستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے برادر ملک افغانستان کو ایک خوشحال ، متحد اور جمہوری ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ حالیہ امن معاہدہ پاکستان کے اس موقف کی تصدیق ہے کہ جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

یہ وفد سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے اقدام کے پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔وفد نے افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے لوگوں کے درمیان روابط بہتر کرنے کا عہد کیا۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن نے وفد سے کہا کہ وہ پاکستان سے افغانستان کے لوگوں کے لئے امن اور محبت کا پیغام لے کر جائیں۔ وفد نے اظہار اطمینان اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستانی عوام کا محبت کا پیغام افغانستان کی عوام تک پہنچائیں گے۔

اے پی پی/حمزہ /قرۃالعین