سکھر، 14مارچ(اے پی پی):تفتان بارڈر سے زائرین کو سکھر پہنچانے کا سلسلہ شروع ہو گیا، ہفتے کے روز 6 بسوں کے ذریعہ 280 زائرین کو سکھر کی لیبر کالونی کے آئسو لیشن یونٹ پہنچایا گیا، زائرین کے کوائف درج کرنے اور ان کی کرونا وائرس کی اسکریننگ کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے ،۔
قرنطنیہ سینٹر میں زائرین کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور لیبر کالونی کی طرف آنے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں اور اطراف میں بھی اہلکار تعینات ہیں جبکہ میڈیا کو بھی زائرین سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق ان زائرین کو مکمل اسکریننگ تک قرنطنیہ میں رکھا جائے گا اور اس لیے قرنطنیہ میں ان کی سہولت کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں انکو کسی قسم کی پریشانی ہونے نہیں دی جائے گی، قرنطنیہ میں ان کی اسکریننگ رپورٹ منفی آنے پر زائرین کو گھر بھی جانے دیا جائے گا تاہم شبہ ہونے کی صورت میں زائرین کو قرنطنیہ میں مکمل علاج ہونے تک رکھا جائے گا، بلڈ ٹیسٹ سیمپل فوری طور پر کراچی بھیجنے کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے ہیلی کاپٹر سکھر پہنچ گیا ہے جس کے زریعہ خون کے نمونے بھیجے جائینگے۔
اے پی پی /سکھر/حامد











