اسلام آباد، 29 مارچ(اے پی پی): موٹروے پولیس نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر گاڑی کی تلاشی کے دوران دوکلو اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ گاڑی نمبر LWN 4646 مشکوک ہے جس پر موٹروے پولیس الرٹ ہوگئی اور مذکورہ گاڑی کی تلاش شروع کر دی گئی ۔
اسی دوران موٹروے M-1, ولی انٹر چینج کے قریب، موٹر وے پولیس کے افسران نے مذکورہ گاڑی کو ٹریس کرلیا اور اس کا پیچھا کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا گیا۔
گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی سے دوکلو اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی ۔جسے قبضے میں لے کر گاڑی میں موجود دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔
بعد ازاں ، مزید قانونی کارروائی کے لئے ملزمان بما منشیات تھانہ طورو کے حوالے کر دی گئی۔
اے پی پی / صائمہ /حامد











