حکومت ،عوام کی حفاظت کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

134

ننکانہ صاحب،30 مارچ (اے پی پی ):  وزیر داخلہ اعجاز شاہ  نے کہا ہے کہ حکومت  عوام کی حفاظت کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے  ، عوام سے درخواست ہے کہ گھروں پر رہیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں- اس وائرس کا مقابلہ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے- کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے- امید ہے کہ جلد ہم اس مصیبت پر قابو پا لیں گے-

پیر  کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا  تھا کہ ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھرانے میں 10 افراد میں کرونہ وائرس کی تشخیص ہوئی ہے- انہوں نے حال ہی میں سعودی عرب سفر کیا تھا-اس کے علاوہ 2 افراد تبلیغی جماعت کے ہیں- اس صورتحال میں علاقے کے تمام مکینوں کو 14 دن کے لئے قرنطینہ کردیا گیا ہے-

وزیر داخلہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام افراد کو کھانے پینے کا سامان گھروں میں پہنچا دیا ہے- تاحال کسی اور شخص میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جبکہ  ننکانہ صاحب میں 3 اضافی فیلڈ اسپتال قائم کئے گئے ہیں ، ان اسپتالوں میں مشترکہ طور پر 160 افراد کے علاج کی گنجائش ہے-اس کے علاوہ 17قرنطینہ سینٹرز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں جس میں 1600 افراد کی گنجائش ہے-  قائم کردہ آئیسولیشن سینٹر میں 53 بیڈز کی جگہ موجود ہے-

اعجاز شاہ نے بتایا کہ 4 ہائی ڈپینڈینسی یونٹ بھی بنائے گئے ہیں جن ان میں وینٹیلیٹرز کی سہولت بھی موجود ہے- حالات خراب ہونے کی صورت میں 40 مزید جگہوں کی نشاند ہی کی گئی ہے جن کو بطور قرنطینہ استعمال کیا جا سکے گا-

اے پی پی /صائمہ /قرۃالعین