حکومت،یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے خوراک اورضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے : اسد عمر

104

اسلام آباد، مارچ 30 (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھرکی منڈیوں اور خوراک کے نظام ، صحت، خوراک اور توانائی کی سہولیات متاثر نہیں ہونے دیں گے،یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے خوراک اورضروریات  زندگی کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔

پیر کو پلاننگ کمیشن میں منعقدہ   کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ   عوام میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کیلئے میڈیا اور اعلانات کے ذریعےآگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں  اسلام آباد کے منتخب نمائندے، انتظامیہ، اور رضاکار حصہ لیں گے۔ رضاکار ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں کام کریں گے۔

اجلاس میں اسلام آباد میں صحت اور خوراک کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا اور شہر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیےراجہ خرم کی سربراہی میں تین روزہ کورونا آگاہی مہم شروع کرنے کا  بھی فیصلہ کیا گیا۔

 اسد عمر نے مزید   کہا کہ عوام سینیٹائزر کی بجائے صابن سے ہاتھ دھوئیں اور اختیاری طور پر سماجی رابطے کم کر دیں تا کہ اس وبا کی روک تھام کو ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی علی نواز اعوان، راجہ خرم، کمشنر اور ڈی سی اسلام آباد نے شرکت کی۔

اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین