مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کے حالیہ اقدامات انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت ہیں: سردار عتیق احمد خان

102

اسلام آباد ، 03 اپریل (اے پی پی ): سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و سربراہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان  نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کے حالیہ اقدامات انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت ہیں۔ مسلم کانفرنس اور ساری کشمیری عوام حالیہ ہندوستانی اقدامات کو مسترد کرتی ہے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال پر جمعہ  کو جاری اپنے ویڈیو پیغام  میں سردار عتیق کا کہنا تھا کہ آبادی کا تناسب بگاڑنے کی ہندوستانی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی،کسی بھی علاقے کی بنیادی حیثیت میں تبدیلی عالمی قوانین کی شدیدخلاف ورزی ہے۔انہوں نے  عالمی برادری سے اپیل کی کہ  ہندوستان کے وحشیانہ اقدامات کا نوٹس لے۔

سردار عتیق احمد خان  نے کہا کہ  موجودہ قوانین کا نفاذ کشمیری معیشت کا قتل عام ہے۔ کشمیر لاک ڈاون پر انصاف نہ کرسکنے کی قیمت ساری دنیا کو ادا کرنا پڑ گئی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ دنیا میں فوجی، معاشی اور سیاسی بے انصافی، جبر و ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔

اے پی پی /سدرہ /قرۃالعین