سکھر :محکمہ خوراک کی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کی گندم 22 ٹرالروں سمیت تحویل میں لے لی گئی

123

سکھر،4 اپریل (اے پی پی): روہڑی کے قریب محکمہ  خوراک کی کارروائی، اسمگل کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی گندم 22 ٹرالروں سمیت تحویل میں لے لی گئی۔محکمہ خوراک کے عملے نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وشنداس کی سربراہی میں پولیس کی مدد سے روہڑی کے قریب قومی شاہراہ پر پیالہ ہوٹل کے مقام پر سانگھڑ سے پنجاب جانے والے 22 ٹرالروں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ان ٹرالروں میں سے گندم سے بھری لاکھوں روپے مالیت کی 6000 سے زائد بوریاں برآمد کرلی گئیں ہیں۔

 ڈی ایف سی کے مطابق تحویل میں لی گئی گندم کی مالیت ایک کروڑ اسی لاکھ روپے ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ  محکمہ خوراک  کی گزشتہ چند روز میں پانچویں کامیاب کارروائی ہے اور اب تک ساڑھے چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گندم برآمد کی جاچکی ہے جن کو سرکاری گوداموں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ سندھ میں گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد ہے لیکن سانگھڑ اور میرپور خاص سے آئے روز گندم پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ سکھر ضلع میں ان کے خلاف کارروائی کا عمل  جاری ہے۔

اے پی پی /اطہراللہ/قرۃالعین