لاہور، 9 اپریل (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ شہر کے ناکوں پر اور ٹیلی میڈیسن سینٹرز میں تعینات اہلکاروں میں کے ایف سی فوڈ چین دوپہر کا کھانا مہیا کیا جائے گا اور اس کے علاوہ یہی کھانا ریسکیو اہلکاروں میں بھی تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا آغاز 19 مارچ کو کیا، جو کامیاب ثابت ہوا، ٹیلی میڈیسن کی سہولت آئندہ بھی جاری رہے گی جبکہ 60 ہزار سے زائد لوگ اب تک ٹیلی میڈیسن سے مستفید ہو چکے ہیں۔
کے ایف سی فوڈ چین کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیا، ڈاکٹرز، نرسز اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ہمیشہ مشکل وقت میں مدد کے لیے آگے آئی ہے۔ جن کے کاروبار متاثر ہوئے وہ بھی امداد کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ تصاویر بنائے بغیر مستحقین کی گھر گھر امداد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا بہت ضروری ہےکیونکہ 5 سے 10 فیصد لوگ خلاف ورزی کرکے دوسروں کی جان بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
اے پی پی /لاہور /قرۃالعین











