اسلام آباد، 09 مارچ(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی حکومت اور عوام کو کورونا چیلنج سے کامیابی سے نمٹنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ آج پوری دنیا اس وبا سے نبرد آزما ہونے کیلئے چینی ماڈل کی پیروی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے زیادہ خوش آئند بات یہ ہے کہ آج چین میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے ادارے اپنا کام کرتے نظر آ رہے ہیں اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ حرکت میں آ چکا ہے۔
وزیر خارجہ نے یہ بات پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جِنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوۓ کہی جنہوں نے آج وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ چین سے فراہم کردہ آلات، اس وبا سے نمٹنے کیلئے، پاکستان کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کر رہا ہے۔
چینی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں اور اس مشکل وقت میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ چین، اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت بدستور جاری رکھے گا۔
اے پی پی /حمزہ/حامد











