معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات کا کرونا وائرس کے پیش نظر صحافیوں کو ذاتی تحفظ کا سامان فراہم کرنے کی یقین دہانی

144

اسلام آباد،17  اپریل(اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر   فردوس عاشق  اعوان   نے کرونا وائرس  کے پیش نظرآئندہ ہفتے سے صحافیوں کو ذاتی تحفظ کا سامان فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے  کہا  کہ صحافی کورونا وائرس کے خلاف انتہائی موثراور ہر اول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں اور انہیں تحفظ فراہم کرنا  حکومت  کی ذمہ داری ہے۔

جمعہ کو یہاں   نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  معاون خصوصی  کا کہنا تھا  کہ  حفاظتی کٹس، آئسولیشن سینٹرز اور قرنطینہ مراکز جانے والے صحافیوں کو فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دنوں میں میڈیا کے ورکر ہر اس جگہ موجود ہیں جہاں کرونا کے مریض کے رشتے دار بھی موجود نہیں ہوتے۔ انہوں نے میڈیا ورکر کو قوم کے ماتھے کا جھومر  قرار  دیتے  ہوئے  کہا کہ صحافی   اس دھرتی کا قرض اتار رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرونا کی وبا کے دوران جن  ترقی یافتہ ممالک کا ہیلتھ سسٹم بہت جدید تھا وہ  بھی اس وبا کے سامنے زمین بوس ہو چکے ہیں ، پوری کی پوری دنیا  لڑ کھڑا چکی ہے جبکہ دنیا بھر کی معیشت بھی  متاثر ہوئی ہے ۔  معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس وبا سے جو لوگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں  یعنی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس سٹاف ،وہ کرونا کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ میڈیا  ان ہیروز کے کردار کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرے۔

اے پی پی /صائمہ ملک /قرۃالعین