موسمی حالات میں تبدیلی کے آموں کے باغات اور بیماریوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں

140

رحیم یار خان،17اپریل(اے پی پی ): پاکستان کسان اتحاد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر جام ایم ڈی گانگا اور ترقی پسند مینگو گروورز جام فاروق احمد گانگا نے کہا ہے کہ موسمی حالات میں تبدیلیوں کے آموں کے باغات اور بیماریوں پر بھی مختلف اثرات مرتب ہوئے ہیں.اس سال  ٹمپریچر میں کمی کی وجہ سے جہاں آموں کے باغات پووڈری سے بچ گئے ہیں وہاں ماضی کی نسبت تیلے کے حملے میں خاصی شدت پائی جا رہی ہے۔

فاروق احمد گانگا نے بتایا کہ تیلے کی معیاری کمپنیوں کے چھ سپرے کر چکے ہیں مگر تیلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، جس سے باغات کا بڑا نقصان ہو رہا ہے،پتے کالے ہو رہے ہیں اور امبلیاں گر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ  اس سال اکثر جگہوں پر پھل بھی کم لگا ہے،یوں باغبانوں کے اخراجات کی شرح بڑھ جائے گی۔

 جام ایم ڈی گانگا نے باغبان حضرات سے کہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے باغات کا وزٹ کرکے جائزہ لیتے رہیں، موسمی حالات ہم میں سے کسی کے کنٹرول میں نہیں ہیں، دلبرداشتہ ہرگز نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ  سپرے پر اٹھنے والے اضافی اخراجات کرکے ہم نےہر صورت اپنی فصل کو بچانا ہے ، کیونکہ  اس  سے ہمیں انفردادی اور قومی فائدہ ہو گا اور اس  کیساتھ ساتھ  آم  کی فصل وطن عزیز کو کثیر زرمبادلہ دینے والی فصل ہے،اس  سے ملکی زرمبادلہ میں  بھی اضافہ ہو گا۔

اے پی پی /رحیم یار خان/حامد