ماہ رمضان میں کرونا صورتحال کے اقدامات پر علما اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان مکمل اتفاق ہے؛ گورنر شاہ فرمان

140

پشاور، 18اپریل(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ علماء کرام ماہ رمضان میں حکومتی و طبی ماہرین کی احتیاطی تجاویز پر عملدرآمد پر پوری طرح متفق ہیں اور کرونا صورتحال کے اقدامات پر علما اور حکومت کے درمیان مکمل اتفاق ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے صدر مملکت کی سربراہی میں علماء سے مشاورتی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کے دوران کیا جس میں انہوں نے کرونا صورتحال میں تمام صوبوں میں علماء پر مشتمل 8رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کرونا صورتحال میں مساجد، نماز، تراویح سمیت دیگر معاملات پر حکومت کے ساتھ مشاورتی عمل میں شریک رہے گی۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کو جب بھی ضرورت ہوئی تو علماء کرام نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا، دوسری جانب حکومت نے بھی کرونا وبا کے آغاز سے لیکر آج تک صوبہ کے تمام علماء کرام کو مشاورتی عمل میں شریک رکھا۔

اے پی پی /صائمہ حیات/ھامد