حیدرآباد ، 22اپریل(اے پی پی ): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت اب تک سندھ میں 19 ارب روپے سے زائد رقم مستحقین میں تقسیم کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے اتنا بڑا ریلیف پیکج نہیں دیا جنلکہ موجودہ وفاقی حکومت کا ایسے حالات میں اتنا بڑا پیکج عوام کے لئےمختص کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔
بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے وزیرآعظم ہیں اور وفاقی حکومت کو جتنا احساس دیگر صوبوں کا ہے تو اتنا ہی سندھ کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ حکومت کی بھرپور مدد کی ہے اور سندھ حکومت نے جس طرح کی امداد چاہی وہ وفاقی حکومت کی جانب سے مہیا کی جارہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ پاکستان میں کورونا کے حوالے سے اموات نہایت کم ہوئی ہیں تاہم وائرس کے حوالے سے غفلت بھی نہیں برتنا چاہئے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے جب کہا کہ ملک لاک ڈائون کا متحمل نہیں ہو سکتا تو ان پر تنقید کی گئی تاہم آج پورا پاکستان وزیر اعظم کے فیصلہ کو سراہ رہا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم لاک ڈاؤن کو نرم کرنا چاہتے ہیں کہ اگر مکمل لاک ڈاؤن کریں گے تو بیروزگاری بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کو بتدریج کھولنے کے حوالے سے سندھ حکومت سے ساتھ رابطے میں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ایسی پالیسی مرتب کر رہی ہے کہ جس کہ تحت وبا سے حفاظت کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی ممکن بنایا جائے کہ کاروبار زندگی متاثر نہ ہو اور نہ ہی بےروزگاری میں اضافہ ہو۔
مساجد میں عبادات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے علماء کو اعتماد میں لیا ہےاور تمام علماء نے قواعد و ضوابط پرعملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی صوبائی حکومت کو راشن تقسیم کی مانیٹرنگ کو سخت کرنا چاہئے۔
اے پی پی /حیدرآباد/حامد











