کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی صورتحال میں بچوں کو ٹیلی سکول کے ذریعے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی اہم قدم ہے؛صدر مملکت

214

اسلام آباد ، 23 اپریل (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بچوں کو ٹیلی سکول کے ذریعے فاصلاتی تعلیم کی فراہمی اہم قدم ہے، مشکل وقت میں یہ تعلیم کی فراہمی کا بہترین اور آسان طریقہ ہے، آن لائن طریقہ سے تعلیم کی فراہمی کے ذریعے بچوںکا وقت ضائع ہونے سے بچانے میں مدد ملے گی، ٹیلی سکول کے ذریعے تعلیم کی فراہمی میں اساتذہ کا عزم، حوصلہ اور کارکردگی قابل تعریف ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس میں ٹیلی سکول پراجیکٹ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

صدر مملکت کو دورے کے دوران ٹیلی سکول کے طریقہ کار، نصابی مواد اور دیگر امور پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں مواصلاتی تعلیم ،نصاب سے آگے نکل گئی ہے تاہم اس بات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے کہ بچے ٹیلی سکول سے کس حد تک سیکھ رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مشکل کی اس گھڑی میں بچوں کو آن لائن طریقے سے تعلیم کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جو کہ وقت کی ضرورت بھی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ٹیلی سکول کے ذریعے مواصلاتی تعلیم کی فراہمی کے لئے وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے عملہ اور اساتذہ کرام نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ اساتذہ کرام عزم و ہمت کی وہ مثال ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ غیر معمولی محنت اور عزم سے یہ کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی سکول تعلیم کے شعبہ میں بہترین اضافہ ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پہلے ہی فاصلاتی طریقے سے تعلیم فراہم کررہی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں ٹیلی سکول کے ذریعے بچوں کو تعلیم کی فراہمی سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت بچوں کے لئے تمام کلاﺅڈز موجود ہیں۔ وہ اپنے لیکچرز ریکارڈ بھی کر سکتے ہیں جبکہ والدین بھی ٹیلی سکول کے ذریعے اپنے بچوں کو پڑھانے میں معاونت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں ایک سروے کے دوران معلوم ہوا کہ بچے سکولوں کی بجائے فاصلاتی تعلیم سے زیادہ بہتر سیکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ ایسا نظام پاکستان میں بھی بنے، یہ تعلیم فراہم کرنے کا بہترین اور آسان طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی میں الفاظ کا چناﺅ اہمیت کا حامل ہے۔ بچے اساتذہ کے بولنے سے سیکھتے ہیں۔ اساتذہ کو تعلیم کی فراہمی کے دوران مناسب الفاظ کا چناﺅ کرنا چاہیے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ کورونا وباکے خلاف پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہو گئی ہے۔ موجودہ صورتحال میں اساتذہ طالب علموں کو ٹیلی سکول کے ذریعے تعلیم کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت تعلیم کے عملے اور اساتذہ کرام کے عزم سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ہم یہ سب کچھ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔

 اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ اکرم نے کہا کہ اساتذہ کرام اور پوری ٹیم بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے۔

اے پی پی /حمزہ/ھامد