حکومت،کرونا  لاک ڈاؤن کی صورتحال میں  عوام کو آسانیاں فراہم کرنے  کے لیے کوشاں  ہے : اسد عمر

150

اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی ):وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ سارا پاکستان کرونا کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم مشکل وقت میں ہمیشہ متحد ہوتی ہے،حکومت کرونا لاک ڈاؤن کی صورتحال میں عوام کو آسانیاں فراہم  کرنے  کے لیے کوشاں  ہے ۔

 منگل کو یہاں  ٹائگر فورس کی افتتاحی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ٹائگر فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ ٹائگر فورس کو ضلعی انتظامیہ ذمہ داریاں دے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف اسلام آباد میں 14000 رضاکار ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کی مانیٹرنگ  سمیت  فوڈ سیفٹی میں مدد ملے گی۔رضاکار ٹیسٹ، ٹریک اور قرنطینہ میں بھی انتظامیہ کے ساتھ کام کریں گے جبکہ اسکے علاوہ ضرورت مند افراد کا ڈیٹا حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اسد عمر نے   کہا عثمان ڈار نے بڑی محنت سے ٹائگر فورس کو کھڑا کیا ہے ، نوجوان قومی جذبے کے تحت ملک کی مدد کیلئے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹائگر فورس کی مدد اور تعاون کرنا حکومت کی ذمےداری ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے ،اگر حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو کرونا سے محفوظ رہےگے لیکن اگر حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو بندشیں دوبارہ بڑھ سکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے تمام نوجوانوں کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اے پی پی /سعیدہ/قرۃالعین