ریسکیو 1122ملتان میں ایڈوانس میڈیکل ریفریشر کورس کا آغاز ہو گیا

163

ملتان،14مئی(اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ملتان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی کی ہدایت پر ریسکیو 1122کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے اور نئی ریسرچ کے تحت تبدیل ہونے والے پروٹوکول کو پڑھانے کی خاطر ایڈوانس میڈیکل ریفریشر کورسزکا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں ملتان بھر کے تمام اسٹیشن کوارڈینٹرز شفٹ انچارجز اور لیڈ فائر ریسکیورز کو اِس ماہ تربیت دی جائے گی، اِس ایڈوانس کورس سے بالترتیب ایڈمن اور آپریشن سٹاف مستفیدہو سکیں گے۔جبکہ کورس کا دورانیہ ایک ماہ  ہے۔

 اِس موقع پر انچارج آپریشن اینڈ ایڈمن ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ریسکیو 1122ہر سال کی طرح اِس سال بھی اپنی پیشہ وارنہ صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایڈوانس میڈیکل ریفریشرکورس کر وارہا ہے تاکہ ریسکیورز دوران ایمرجنسی پیش آنے والے مسائل سے جدید گائیڈلائنزکے مطابق لوگوں کی مدد کرسکیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ملتان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے ایڈوانس میڈیکل ریفریشر کورس میں شر کت کرنے والے تمام ریسکیورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کرتی اور بدلتی دنیا کے ساتھ ہمیں چاہئے کہ ہم بھی اپنے علم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ کسی قسم کی ایمرجنسی میں بغیر کسی پریشانی کے سٹنڈرڈ گائیڈ لائنز کے مطابق مشکل میں پھنسے لوگوں کی مدد کر سکیں، اگر ہمیں جدید دور کے ساتھ چلنا ہے تو ہمیں جدید علم اور ہنر حاصل کرنا ہوگا ، ایڈوانس ریفریشر کورس کسی بھی ادارہ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے۔ انھو ں نے مزید کہا کہ آجکل کے دنوں میں کرونا وائرس کے حملہ کے بعد ریسکیو1122کا معمول کا آپریشن بھی تبدیل ہوچکا ہے، آج کی دنیا کرونا وائرس کی وباء کے آنے سے قبل والی دنیا سے تبدیل ہوچکی ہے، اب معمول کی ایمرجنسی سے نبردآزما ہونے کے اصول بھی تبدیل ہو چکے ہیں اِس لئیے ضروری ہے ہم اپنے علم کو جدید تقاضوں کے مطابق کر لیں۔

اے پی پی/ ملتان/ حامد