اسلام آباد، 15مئی(اے پی پی):معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے آئی ایس پی آر کی مدد سے دستاویزی فلم کا اجراء کر دیا، فلم کرونا کیخلاف برسر پیکار ہراول دستے کیلئے معاون ثابت ہوگی، دستاویزی فلم کورونا وبا کے پیش نظر انفرادی حفاظتی سامان (PPE)کے بارے میں مکمل آگاہی اور درست استعمال ،حفاظت اور بہتری کے لئے تیار کی گئی ہے۔
فلم میں پی پی ای کے استعمال اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں کے لیے حفاظتی تدابیر بتائی گئی ہیں۔
دستاویزی فلم کے اجراء کے موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ انفرادی حفاظتی، سامان کے بارے میں مکمل آگاہی اور درست استعمال حفاظت اور بہتری کے لئے بہت ضروری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وزارت صحت اور ماہرین کے اشتراک سے پہلے ہی رہنما اصول، ضابطہ کار تیار کر کے مختلف جگہوں پر آویزاں کیے ہیں جبکہ کورونا کے خلاف برسرِپیکار ہراول دستے یعنی ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کے ہر عظیم مجاہد تک رہنما اصول و ضوابط پہنچائے گئے ہیں۔
دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ کب، کس وقت، کن حالات میں کونسا انفرادی حفاظتی سامان یا آلات استعمال کرنا ہیں جبکہ انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے استعمال کا مکمل طریقہ کار بھی دستاویزی فلم میں واضح کیا گیا ہے۔دستاویزی فلم ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس، شعبہ صحت سے وابستہ دیگرافراد کیلئے بہترین بصری مدد ہے۔دستاویزی فلم، پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر نے صرف 96 گھنٹے کے قلیل وقت میں تیار کی ہے۔
یاد رہے کہ انفرادی حفاظتی سامان (PPE) کا استعمال طبی مراکز کے اندر، مریضوں کے پاس، آؤٹ پیشنٹ، لیبارٹری اور نمونے لینے کی جگہ پر ضروری ہے











