لکی مروت؛محلہ خوئیداد خیل  اندھے قتل میں ملوث ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

176

لکی مروت، 16 مئی (اے پی پی):      پولیس نے لکی شہر کے محلہ خوئیداد خیل میں واقع مسجد میں نوجوان کے بہیمانہ اندھے قتل میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر اسے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، ملزم سے تفتیش کے لئے  انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ڈی ایس پی لکی عظمت بنگش نے ایس ایچ او لکی ظفر اللہ خان، سٹی پولیس سٹیشن کے انچارج آفیسر اے ایس ائی شفقت اللہ خان اور انوسٹی گیشن آفیسر منور خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 12مئی کو محلہ خوئیداد خیل کی مسجد میں نوجوان مصباح اللہ کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش ستون کے ساتھ رسیوں سے باندھ دی گئی تھی، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور ڈی پی او عبدالرؤف بابر کی ہدایت پر قتل کی اندوہناک واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

 ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم کی شناخت میں اہل علاقہ اور مشران نے بے حد تعاؤن کیا جس کے نتیجے میں سٹی پولیس سٹیشن کے انچارج آفیسر اے ایس آئی شفقت اللہ خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے مقامی قبرستان کے قریب ملزم بلال کو آسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتول مصباح اللہ کی اسی محلے میں موبائل فون شاپ تھی، ملزم بلال نے اس سے موبائل فون خریدے تھے اور رقم کی ادائیگی کا لالچ دے کر وہ اسے گھر کے ساتھ واقع مسجد لے گیا جہاں تیز دھار آلے سے اسے قتل کردیا۔ وقوعہ کے بعد ملزم نے نہ صرف مقتول کی نقدی ہتھیا لی بلکہ اس کی دکان کھول کر موبائل فون بھی ساتھ لے گیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس مسروقہ موبائل فون، نقدی اور آلہ قتل کی برآمدگی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کے بہیمانہ قتل کی تفتیش کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اے پی پی /شادی خان مروت/حامد