پی ٹی آئی طیارہ حادثہ کی شفاف تحقیقات کریں گے اور رپورٹ پبلک کریں گے : فردوس شمیم نقوی

217

 

کراچی ،27 مئی (اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزشن رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں جہازوں کے اب تک جتنے حادثے ہوئے ہیں ، اس طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ نہ صرف سب سے صاف و شفاف بلکہ جامع رپورٹ ہوگی اس کو پبلک بھی کیا جائے گا ۔ یہ حکومت کا وعدہ ہے اور ہم اس وعدہ پر قائم بھی رہیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار فردوس شمیم نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی کے ہمراہ اقرا یونیورسٹی کیمپس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ  جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے ، پی آئی اے کا خسارہ کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی تحقیقات ہورہی ہے ، عالمی ماہرین بھی کل آئے اور ملکی ماہرین بھی تحقیقات کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم شفاف اور غیرجانب دار انکوائری چاہتے ہیں ۔

پی ٹی آئی مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف   ہیں۔اٹھارویں ترمیم کا پیسہ کہاں جاتا ہے کسی کو علم نہیں۔انہوں نے کہا کہ  حکومت  ملک  میں کی گئی  کرپشن کو بےنقاب کرے گی۔انہوں نے مزید بتایا  کہ پی آئی اے اور انشورنس کمپنی سے  رابطے میں ہیں، مزید 50 لاکھ تمام لواحقین کو دلوائیں گے۔