ملتان، 27 مئی (اے پی پی ):وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،اس سلسلہ میں 56 ارب روپے کا خصوصی زرعی پیکج منظور کیا گیا ہے جس کا ریلیف اس خریف کی فصل میں کسان کو ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں رہائش پذیر بچوں میں عید تحائف تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خصوصی زرعی پیکیج کے تحت کھاد اور یوریا پر کسان کو سبسٹڈی دی جائے گی، اس سے کھاد کی جو بوری 3425روپے کی ہے وہ 2500روپے اور جو یوریا 1643 روپے کی ہے وہ 1400 میں کسان کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد ٹڈی دل دوسر بڑا مسئلہ ہے جس سے پوری دنیا پریشان ہے اس نے پاکستان کی فصلوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا کہ اس سال جنوری میں وزیراعظم عمران خان نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے نیشنل ایمرجنسی ڈکلئیر کی تھی اور این ڈی ایم اے کی سربراہی میں 170 ٹیمیں بن گئ تھیں جو گراؤنڈ میں کام کر رہی ہیں۔9 ہزار پاک آرمی کے جوانوں کے ساتھ ساتھ پاک آرمی کے 5 ہیلی کاپٹر بھی اس میں کام کر رہے ہیں جبکہ ہمارے ادارے کے 31 ماہرین و آفسران ان کی معاونت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چائنہ نے ہمیشہ ہماری ہر مسئلے پر مدد کی ہے،انہوں نے اپنی ماہرین کی ایک ٹیم بھی پاکستان بھیجی تھی جنہوں نے ہمیں ٹیکنیکل مدد فراہم کی اور چائنہ نےسپرے کے لئے 3 لاکھ 75 ہزار کیمیکل دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب زراعت کے حوالے سے بڑی اہمیت رکھتا ہے، گندم پاکستان کی اہم فصل ہے ہمیں گندم کے ساتھ ساتھ اپنی فصلوں کو نقصان سے بچانا ہے اور جن کسانوں کا نقصان ہوا ہے حکومت جلد نقصان کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گندم خریداری کا ہدف 42 لاکھ ٹن تھا مگر آٹا بحران کی وجہ سے اس دفعہ یہ حدف دوگنا رکھا گیا ہے جس میں اب تک پنجاب نے اپنا 90 فیصد ٹارگٹ جبکہ سندھ نے 83 فیصد ٹارگٹ پورا کر لیا ہے۔
سید فخر امام نے کہا کہ انڈیا چائنہ لداخ بارڈر تنازعہ پر پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان ملکی سالمیت پر کبھی بھی آنچ نہیں آنے دے گا، انڈیا کشمیری بہن بھائیوں پر ظلم کر رہا ہے جس کی تاریخ میں شاید ہی کوئی مثال ملے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان کے آفیسرز سید اعجاز رضا اور راؤ نوید مختار نے ادارے کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ وفاقی وزیر نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے کام کو سراہا اور بیورو میں رہائش پذیر بے آسرا بچوں کے ساتھ عید کیک کاٹا اور تحائف تقسیم کئے۔
اس موقع پر صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور ان کی ٹیم کے اراکین ملک محمد یوسف، محمد سہیل، وقاص مرید انصاری، احمد ندیم انصاری، ملک شاہد یوسف، محمد عمران یوسف، ارسلان سرفراز، علی رضا مرزا، جاوید اقبال بھی موجود تھے۔
اے پی پی /ملتان/قرۃالعین











