بورے والا: ڈی  سی کی زیر صدارت تاجر رہنماﺅں کا اجلاس ، کورونا وائرس متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ 

144

بورے والا،04جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقا ص رشید کی زیر صدارت تاجر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقا ص رشید نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، مقامی سطح پر کورونا وائرس کی ٹرانسمیشن ہو چکی ہے، کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضرور ی ہے، دکانداروں کیلئے لازم ہے کہ وہ گاہکوں پر ماسک کی پابند کروائیں جو گاہک ماسک کے بغیر آئے اسے سامان فروخت نہ کیا جائے، گاہکوں کے درمیان سماجی فاصلہ ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ دکانوں اور مارکیٹوں میں سینی ٹائزر اور ہاتھ دھونے کا انتظام ہونا چاہیے، دکان کے اندر 3سے زائد گاہک موجود نہیں ہونے چاہییں، کورونا کے معاملے پر ہم سب کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے مزید کہا کہ تاجر تنظیمیں اپنی ٹیمیں تشکیل دیں جو دکانداروں ایس او پیز پر عملد رآمد کرائیں، جان اور صحت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ، ہمیں اپنی حفاظت کرنا ہے، ریڑھی والوں کے درمیان بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

اجلاس میں اے ڈی سی جنرل خالد محمود گیلانی، اے سی وہاڑی احمد نوید، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ڈی او انڈسٹریز عابدہ حنیف ، سی ایس او رانا ثاقب نذیراور دیگر افسران کی بھی شرکت کی ۔

وی این ایس، بورے والا