وزیراعلیٰ پنجاب کارحیم  یار خان، راجن پور  کے مختلف علاقوں کا فضائی دورہ، ٹڈی دل کی صورتحال کاجائزہ

120

 

رحیم یار خان،05 جون (اےپی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  رحیم یارخان ،  راجن پور اور روجھان، بونگ، صادق آباد، کوٹ سبزل سمیت مختلف علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور  فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا  جائزہ لیا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہروں میں کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور  بازاروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ  نے  ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اورعملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون کارروائی کا حکم دیا ۔ سردار عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جائیں، کاشتکاروں کی فصلوں کو ٹڈی دل سے بچاناہماری ترجیح ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ فصلوں کو بچانے کیلئے جراثیم کش سپرے کا دائرہ کار مزید وسیع کیاجائےاورآنے والے دنوں میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے سے فصلوں کو بچانے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کی مہم کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرچکے ہیں۔

اس موقع پرڈی جی پی ڈی ایم اے بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

 

 

وی این ایس،رحیم یار خان