بورے والا، 27 جون(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کے دوران مختلف امور کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام امور کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ۔
اس موقع پر ڈی سی وہاڑی کیپٹن(ر) وقاص رشید نےکہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا انتہائی ضروری ہے جن علاقوں میں کورونا کے کیسز سامنے آرہے ہیں ان علاقوں پر خصو صی توجہ دی جائے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،کورونا کے پھیلاو کے روکنے کے لئے احتیاط اور حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علاقے جہاں کورونا کے کیسز کی تعداد زیادہ ہے وہاں سمارٹ لاک ڈاﺅن پر عملدرآمد کے حوالے سے پلان تیار کیا جائے تاکہ ان علاقوں کو سیل کیا جا سکے اور لوگوں کی سکریننگ کی جائے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر تحصیل کی سطح پرتحصیل ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے کورونا کی میٹنگ کی جائے اور مریضوں کا جائزہ لیا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے مزید کہا کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر چینی کی فراہمی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جا ئیں، ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کے ذریعے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کو جرمانے اور سیل کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے کاشتکاروں کوبھی آگاہی دی جائے کسی بھی علاقے میں ٹڈی دل کے حملے کی اطلاع ملنے پرفوری طور پر موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ تمام اداروں کے افسران پہنچیں اور ٹڈی دل کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اے ڈی سی جنرل خالد محمود گیلانی ، اے ڈی سی ریونیو محمد فاروق ڈوگر، اے ڈی سی فنانس عبد الطیف خان، اے سی وہاڑی احمد نوید، سی ای او ہیلتھ و ایم ایس ڈاکٹر محمد فاضل ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فواد قریشی ، فوکل پرسن کورونا ڈاکٹر احمد نواز، ڈی او انڈسٹریز عابدہ حنیف ، ڈی ایف سی مہر اختر سیال اور دیگر افسران موجود تھے ۔
وی این ایس، بورے والا











