پشاور، 4جولائی(اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون برائے بلدیات کامران بنگش کرونا کے خلاف عزم و ہمت کے 100 دن مکمل ہونے پر صفائی ملازمین کے درمیان پہنچ گئے۔
انہوں نے تحصیل میونسپل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ملازمین کو پھول پیش کئے اور باچا خان چوک میں صفائی ورکرز کے ساتھ سڑک پر جھاڑو بھی لگائی جبکہ شہید ملازمین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر معاون بلدیات نے صفائی ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز نے جانوں پر کھیل کر کورونا کے خلاف ڈیوٹی دی، صحت و صفائی کی مد میں سب سے زیادہ سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔
کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے93 ہزار 553 سے زائد انٹی کورونا سرگرمیاں کیں، تقریباً 16 ہزار سرگرمیاں مساجد، عمارات اور دیگر پبلک مقامات کو جراثیم کش اسپرے سے متعلق ہوئیں جن میں گیارہ ہزار613 سرگرمیاں عوامی مقامات پر ہاتھ دھونے کی سہولت اور 10 ہزار سے زائد سرگرمیاں عوامی گزرگاہوں اور سڑکوں پر جراثیم اسپرے کے متعلق تھیں۔
تقریب کے آخر میں کامران بنگش نے صفائی ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ صفائی والے ہیں گند والے ہم عوام ہیں، آج پوری خیبرپختونخوا آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔
وی این ایس، پشاور











