لاہور ،6 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے صوبے میں ون مین شو کے منفی کلچر کا خاتمہ کیا ہے ، اب سب کام مشاورت سے ہوتےہیں۔ ترقی کی روشنی ایک جگہ محدود نہیں ہوگی ،پنجاب کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا-
پیر کو یہاں مختلف اضلاع کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی ترقی کے لئے ہمارے عزم کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی- ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات میرے لئے بے حد اہمیت کی حامل ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں ارکان اسمبلی کی مشاورت یقینی بنائی جائے گی ۔
ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے افسران کی تعیناتی پر مبارکباد دی۔وفد کے اراکین نے وزیر اعلی سے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے افسران کی تعیناتی تاریخی اقدام ہے، آپ نے پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے –
وزیراعلی سے ملاقات کر نے والوں میں چیف وہیپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، شوکت علی بھٹی،نواب شیر وسیر، اور حاجی امتیاز شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وی این ایس ، لاہور











