پاکستان پولیس کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن کلاسز کا آغاز، آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے افتتاح کردیا

166

پشاور 10جولائی(اے پی پی):  انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج پولیس سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کا دورہ کیا اور آن لائن کلاسز کا باقاعدہ افتتاح کیا جو پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن پولیس ٹریننگ پروگرام ہے۔

اس موقع پر زیر تربیت پولیس اہلکاروں سے آن لائن خطاب میں آئی جی پی نے کہا کہ وہ دل لگا کر تندہی کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کریں اور کہا کہ وہ اپنے آپ کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم سے آراستہ کریں تاکہ درپیش چیلنجز کا پیشہ ورانہ انداز میں مقابلہ کرسکیں۔ اُنہوں نے موجودہ دور میں آئی ٹی کی اہمیت اور سائنسی خطوط پر انوسٹی گیشن میں اس کی ضرورت پر تفصیل سے بات کی۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی خصوصی ہدایت پرکووِڈ- 19کے دوران پولیس فورس کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے آن لائن کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے ۔ جس میں صوبہ بھر کے ایک درجن سے زائد اضلاع جن میں پشاور، ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک، کوہاٹ، لکی مروت، نوشہرہ، مردان، بونیر، شانگلہ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں، سے نامزد کل47 پولیس اہلکار شرکت کررہے ہیں ۔ آن لائن کورسزکے اس ابتدائی مرحلے پر23 نامزد پولیس اہلکاروں کو سکول آف انوسٹی گیشن حیات آباد میں سیلولر فارنزک کے کورسز جبکہ 24 پولیس جوانوں کو سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پولیس لائن پشاور میں آن لائن جیوٹیگنگ کے کورسز پڑھائے جارہے ہیں۔

قبل ازیں انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کووڈ19- کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پولیس ٹریننگ سکولز میں باقاعدہ تربیت شروع کرنے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ محمد امتیاز شاہ نے آئی جی پی کو پولیس کی بنیادی اور ایڈوانس تربیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سکولز میں تر بیت کا عمل 20-03-2020سے کرونا وباءکی وجہ سے بند ہے جس سے پولیس افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تر بیت اور ترقی کے مواقع بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں۔

بریفنگ کی روشنی میں پولیس اہلکاروں کی تربیت کا عمل دوبارہ شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدا یت کی گئی کہ تما م پولیس ٹریننگ سکولز میں کرونا وباءسے بچاﺅ کی SOPsپر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جا ئے۔ اجلاس میںخاصہ داروں اور لیویز کے اہلکاروں کے ایک ماہ اور دو ماہ کے اوورینٹیشن کورسز اور ایک ماہ کی آن جاب ٹریننگ یکم اگست سے بیک وقت ڈی آئی خان ، بنوں، کوہاٹ، پشاور، مردان اور ملاکنڈ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں لوئر کورس ، انٹرمیڈیٹ کالج کورسز بھی اگست کے مہینے میں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پولیس کی تاریخ میں پہلی بار کمیونیکیشن یونٹ اور سپیشل برانچ کے تکنیکی عملے کی جدید خطوط پر ٹریننگ کے لیے ٹریفک مینجمنٹ سکول کوہاٹ میں یکم اگست سے باقاعدہ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ پولیس ٹریننگ سکول سوات میں ایڈوانس کورس 15جولائی سے شروع ہورہا ہے۔اسی طرح پولیس سکول آف انٹیلجنس ایبٹ آباد میں بھی آن لائن کلاسسز کی جولائی کے مہینے میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 وی این ایس، پشاور