انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن دربار کا انعقاد

148

پشاور، 14جولائی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے افسروں اور جوانوں کے آن لائن دربار سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدق دل سے کوشش کررہے ہیں کہ انضمام کے عمل کو کامیابی کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچائیں۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ خاصہ داروں اور لیویز اہلکاروں کا پولیس میں انضمام کا عمل آخری مراحل میں ہے۔اور کچھ ہی دنوں میں تمام خاصہ دار اور لیویز اہلکار پولیس کا حصہ بن جائیں گے اور اُن کی ٹریننگ بھی شروع کردی جائے گی۔ اسی طرح تمام پولیس اہلکاروں کے لیے شہداءپیکج، کمپنسیشن اور پولیس ویلفیئر میں برابر کا حق دیا جاچکا ہے۔ اور حکومت کے ساتھ مل کر تمام وسائل بہم پہنچانے کے لیے دن رات کوشش جاری ہے۔ جن میں پولیس کے لیے اسلحہ، سکیورٹی آلات، یونیفارم، گاڑیاں، پولیس تھانوں و پولیس پوسٹ کی تعمیر، افسروں و اہلکاروں کی ترقی اور نئی آسامیوں کی منظوری شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد ضم شدہ اضلاع کی پولیس پیشہ ورانہ اور وسائل کے لحاظ سے صوبے کے دیگر پولیس فورس سے بہتر پوزیشن میں ہوگی۔

صوبائی پولیس سربراہ نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ضلعی پولیس سربراہان سے اپنے اپنے ضلعوں کے مسائل خواہ انفرادی ہوں یا اجتماعی ، بیان کرنے کا کہا۔ ضلعی سربراہان نے اجتماعی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وائرلیس کا نظام فنکشنل ہو چکا ہے، جبکہ گاڑیوں اور جدید اسلحہ کی جلد دستیابی کی درخواست کی۔ انہوںنے آئی جی پی کو بتایا کہ 20 جولائی سے پولیو مہم شروع ہورہی ہے جس کے لیے وہ بھر پور تیاری کررہے ہیں۔ ڈی پی او جنوبی وزیرستان نے کہا کہ 18 چوکیات اور 13ناکہ بندیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ تاہم 5 پولیس تھانوں کے قیام کے لیے درخواست کی ہے جس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔ صوبائی پولیس سربراہ نے ڈی پی اوز کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 41گاڑیاں خرید جاچکی ہیں اور بہت جلد ان اضلاع کے پولیس کو حوالہ کردی جائیں گی۔ جبکہ تھانوں کے قیام کے لیے صوبائی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے۔ صوبائی پولیس سربراہ کی ہدایت پر فورس کے جوانوں نے باری باری اپنے انفرادی مسائل جن میں رہائش، تنخواہوں کا مسئلہ، بنیادی تربیت اور ایڈہاک پروموشنز شامل تھے، کا تذکرہ کیاجس پر آئی جی پی نے ان کو درپیش مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں ضلعی پولیس سربراہان نے صوبائی پولیس سربراہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی ضم شدہ اضلاع کی پولیس کے لیےکاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں خیبر پختونخوا پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور مظلوم اور پسی ہوئی عوام کو انصاف دلانے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

دونوں ضلعی پولیس سربراہان کے علاوہ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان بھی آن لائن دربار میں ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔

وی این ایس، پشاور