عید الاضحی   پر اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنر خیرپور

127

خیرپور،16جولائی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے ایام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، قربانی کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے، صفائی ستھرائی سمیت محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے اور کسی بھی فلاحی ادارے، مدارس، تنظیم کو بنا اجازت قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خیرپور نے اپنی آفس کے دربار ہال میں عید الاضحی کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد سمیت امن و امان اور ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 ڈی سی خیرپور نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے تمام تنظیموں، فلاحی ادارے، مدارس اور دیگر کو پیشگی اجازت نامہ لینا ہوگا جبکہ رضاکار کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ بغیر اجازت کے منتقل نہیں کر سکتے بصورت دیگر ضابطہ اخلاق کے قانون کے تحت ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی سی خیرپور نے کہا کہ زبردستی کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 اجلاس میں ڈی سی خیرپور نے رینجرز اور پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کے عید کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے ہنگامی  پلان  مرتب کیا جائے جبکہ رینجرز اور پولیس کے جوان عید نماز کے لئے عید گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں و دیگر جگہوں پر مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کے قربانی کے جانوروں کو شہر میں داخلے سے روکا جائے اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر نفری کو تعینات کر کے رپورٹ دی جائے۔

اجلاس میں اے ڈی سی ٹو، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، رینجرز، سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

وی  این ایس،  سکھر