لاہور، 28جولائی (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، جس کا مقصد شہر یوں کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنا تھا۔شہر میں عید الاضحی کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلی نے لبرٹی کے قریب پارک میں سونے والے بعض افراد کو اسی وقت پناہ گاہ میں منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی جبکہ انہوں نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔
وزیراعلی پنجاب نے بعض مقامات پر کوڑا کرکٹ دیکھ کر برہمی کا اظہار بھی کیا جبکہ شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے گلبرگ،شادمان، لبرٹی، جیل روڈ، شملہ پہاڑی ایمپسرس روڈ، سرکلرروڈ،ریلوے سٹیشن اور دیگر علاقوں کا بھی بغیر اطلاع دورہ کیا ۔
وزیراعلی عثمان بزدار، تھانہ باغبانپورہ اور تھانہ شادمان بھی گئے اور وہاں کا ریکارڈ چیک کیا اور حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی اور ان کے مسائل بھی سنے اور تھانوں میں صفائی کی خراب صورتحال پر عملے کی سرزنش بھی کی ۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے ریلو ے سٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور پناہ گاہ میں مقیم لوگوں کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا ، انہوں نے مسافروں سے ان کے مسائل اور پناہ گاہ میں سہولیات اور کھانے کے بارے میں دریافت کیا جس پر مسافروں نے سہولیات اور کھانے کے معیار پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اچانک دوروں سے اصل زمینی حقائق سے علم ہوتا ہے،شہری مسائل کے حل کے لیے ایسے دورہ آ ئندہ بھی کروں گا ۔
وی این ایس ، لاہور











