لاہور،03 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کی خاص کرم نوازی سے پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعدادمیں حیرت انگیزکمی واقع ہورہی ہے، تمام سرکاری ہسپتالوں میں معمول کی سرگرمیوں کاآغازکیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے پنجاب بھرکے ٹیچنگ ہسپتالوں اورمیڈیکل یونیورسٹیزکے وائس چانسلرز، ایم ایس حضرات اورپرنسپلزنے شرکت کی۔
سیکرٹری صحت برسٹرنبیل اعون نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکوپنجاب بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کودی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص کرم نوازی سے پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعدادمیں حیرت انگیزکمی واقع ہورہی ہے۔ لاہورکے جنرل ہسپتال، سروسزہسپتال، جناح ہسپتال اورگنگارام ہسپتال کوتمام شعبہ جات معمول کے مطابق کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہورمیں صرف مئیوہسپتال، یکی گیٹ ہسپتال، ایکسپوسنٹرہسپتال اورپی کے ایل آئی میں کوروناکاشکارمریضوں کاعلاج جاری رہے گا۔ کوروناوائرس کے نئے مریضوں کولاہورکے ان چارہسپتالوں میں ریفرکیاجائیگا۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ طبی درسگاہوں میں داخلہ کیلئے اینٹری ٹیسٹ منعقدکروانے کافیصلہ جلدکرلیاجائیگا۔راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی کے علاوہ تمام سرکاری ہسپتال معمول کے مطابق کھلیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے نظیربھٹوہسپتال میں کوروناوائرس کے صرف دس مریض زیرعلاج ہیں۔ ملتان کے نشترہسپتال میں کوروناکےصرف ستائس مریض زیرعلاج ہیں۔ گوجرانوالہ میں گذشتہ نوروزسے کوروناوائس کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈی جی خان میں کوروناکے صرف دومریض زیرعلاج ہیں۔ گجرات میں کوروناکےصرف تین مریض زیرعلاج ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ اللہ پاک کے کرم اورڈاکٹرزکی محنت سے کوروناوائرس کے مریضوں کی بہت بڑی تعدادصحت یاب ہوکراپنے گھروں کوواپس جاچکی ہے، کوروناوائس کے مریضوں کابہترین علاج جاری ہے۔
اے پی پی /لاہور/حامد











