پشاور، 4اگست(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا ءاللہ عباسی نے آج علی الصبح شہید ایڈیشنل انسپکٹر جنر ل آف پولیس صفو ت غیو رکے مزار پر ایک سادہ مگر پر وقار تقریب میں شرکت کی فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا مانگی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ جرات، بہادری اور قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے۔ وسائل اور تربیت کے فقدان کے باوجود جس طرح خیبر پختونخوا پولیس نے گذشتہ دس سالوں میں دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہو کے مقابلہ کیا، اس کی مثال شاید ہی دنیا کی کسی اور پولیس فورس میں ملتی ہو،ایڈیشنل آئی جی سے لیکر سپاہی تک خیبر پختونخوا پولیس کے 1800 سے زائد شہداءنے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پولیس شہداءکی قربانی ہم پر اور آنے والی نسلوں پر قرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباءکے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کی قربانی دینے والے پولیس شہداءنے پولیس کی سنہری تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کے غازیوں کی جرات اور بہادری اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہی شہداءاور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک پر امن اور خوشحال معاشرے میں سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمیں اپنی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے شہداءاور اس کی حفاظت کے لیے لڑنے والے غازیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پولیس شہداءکی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے ، ان کے لواحقین اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ شہداءکے ورثا کی اے ایس آئی کے عہدے پر بھرتی کو یقینی بنانے کے لیے نئی قانون سازی اس بات کی غماز ہے کہ شہداءکے ورثاءکی فلااح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
یوم شہداءتجدید عہد کا دن ہے۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہمہ وقت اس جنگ کے لیے تیار رہیں گے، ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے رویوں اور کردار سے خیبر پختونخوا کو ایسا معاشرہ بنائیں گے جس کی خاطر ہمارے شہیدوں نے اپنے جانوں کی قربانیاں دیں اور ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کوایک خوشحال، محفوظ اور روشن مستقبل دیں گے۔
وی این ایس،پشاور











