سبی ، 08 اگست (اے پی پی ): شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، سبی میں صبح سے دو بار موسلادار بارش ہوئی جو دو گھنٹے تک جاری رہی، طوفانی بارشوں کے باعث سبی کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کامنظر پیش کررہی ہیں، سبی اور ہرنائی کے پہاڑی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد تلی ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ آیا ہے۔ اس وقت تلی ندی میں 27 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزر رہا ہے، تلی ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ آنے کے بعد یونین کونسل مل کے بیشتر علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ دریائے ناڑی میں نچلی سطح کا سیلابی ریلہ آیا ہے اس وقت سبی ہیڈ ورکس سے25 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزر رہا ہے۔
ایری گیشن ذرائع کے مطابق دریائے ناڑی میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ سبی نے کسی بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر بھاری مشینری اور عملہ کو الرٹ کردیا ہے۔
وی این ایس، سبی











