لاہور، اگست 13(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے رولز آف بزنس 2011میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔رولز آف بزنس میں ترامیم سے16صوبائی محکموں کے سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کریں گے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار ہوگا۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہورنہیں آنا پڑے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام امور پیپر لیس ہوں گے۔پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے سے متعلق ویلیوایشن ٹیبل مرتب کرنے کی تجویز مسترد کردی۔اجلاس میں چیرٹیزکی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیاگیا۔پنجاب کابینہ نے چیرٹیز کی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 15اکتوبر تک کی توسیع کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں ای اشٹام کے ریفنڈ سے متعلق پنجاب ای اشٹام رولز 2016میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے 5لاکھ روپے تک اشٹام پیپرز کے ریفنڈ کا اختیار کمشنر کو دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ایکٹ 1950میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ترامیم سے حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن کی نوٹیفائیڈ تاریخ پر کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کو بھاری جرمانہ کیا جاسکے گا۔گنے کی خریداری پر ملیں پکی رسید پر وزن،قیمت اورتاریخ درج کرنے کی پابندہوں گی۔بینک کے ذریعے ادائیگی کرنے کی پابندی سے کاشتکارکو نوٹیفائیڈ ریٹ ملے گا۔ان ترامیم سے کاشتکار کے مفاد کاتحفظ ہوگا اورکرشنگ سیزن بروقت شروع ہوسکے گا۔کابینہ نے پرائم منسٹر نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کوپنجاب بھرمیں ہاؤسنگ سکیمیں شروع کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965کے سیکشن 120کے تحت موٹر وہیکلز آفیسرز کو اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ لوڈر رکشہ کو شامل کرنے کیلئے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ نے پنجاب کی پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 کی منظوری دے دی۔یہ پالیسی میڈیکل ماڈل سے سوشل ماڈل تک کور کرے گی۔17برس بعدبزدار حکومت کو سپیشل ایجوکیشن کی پہلی پالیسی مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کرنے کا اعزازحاصل ہواہے۔پنجاب کابینہ کی جانب سے صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمد اخلاق، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اورمتعلقہ سٹاف کی تعریف کی گئی۔اجلاس میں ساؤتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان کے قیام اورلاہور کالج ویمن یورنیورسٹی جھنگ سب کیمپس کو یونیورسٹی آف جھنگ کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب انوائریمنٹ ٹریبونل کے ممبر لیگل کی نامزدگی کا جائزہ لینے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی ممبر لیگل کی تقرری کے لئے جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں کم مقدمات رکھنے والی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے امورکوحقیقت پسندانہ بنانے کافیصلہ کیاگیااور سپریم کورٹ کے معزز جج کی ہدایات کی روشنی میں کم مقدمات والی 6انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی بندش کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب ہیرٹیج فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ ایڈور ٹائزمنٹ پالیسی 2020میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔محکمہ جنگلات کے اخراجات سے متعلق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ برائے سال 2019-20 اور محکمہ جنگلات کے اکاؤنٹس کی Appropration برائے سال 2018-19 کی منظوری دی گئی۔محکمہ آبپاشی کے سٹاک آف سٹون کی خصوصی سٹڈی کے آڈٹ برائے سال 2017-18 کی منظوری دی گئی۔محکمہ تعمیر ات و مواصلات،ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ،ایریگیشن، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، انرجی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی آڈٹ رپورٹ برائے سال 2019-20 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 32ویں اور3 3ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ سٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 35و یں اور 36ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔پنجاب کابینہ کو صوبہ میں آٹے اور چینی کی سپلائی اور قیمتوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں 16محکموں کے سیکرٹریز فرائض سرانجام دیں گے۔ہم نے عوام سے کیا ایک اوروعدہ پورا کیا ہے۔ہمارا یہ اقدام جنوبی پنجاب صوبے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف نعروں سے جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلایا گیا۔آج وزیراعظم عمران خان کی قیاد ت میں جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا جارہاہے۔ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو مسترد کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے۔عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔











