گلگت،14 اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی جشن آزادی پاکستان انتہائی جوش وجزبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب چنار باغ گلگت میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل تھے۔تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا اور پولیس کے چاقو وبند دستے نے سلامی دی۔تقریب میں وطن عزیز کی ترقی،خوشحالی اور حفاظت کے لئے رب العالمین کی بارگاہِ میں خصوصی دعا کی گئی اور دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
تقریب میں پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کی نقاب کشائی بھی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل آ ف پولیس گلگت بلتستان نے مزار شہداء پر حاضری دی،پھولوں کی چادریں چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے علاوہ اعلیٰ سرکاری آفیسران،اساتذہ کرام،طلباء اور سول سوسائٹی، معاشرے کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی جتنی بھی قدر کریں کم ہیں۔وزیر اعلیٰ نےکہا کہ بیش بہا قربانیوں کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا ہے،اسکی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آزادی کی قیمت مظلوم کشمیریوں سے پوچھو،وہاں پر بھارتی ظلم اور جبر کی وجہ سے عوام شدید پریشان اور آزادی کے لئے تڑپ رہی ہے۔انہوں نے کہا ہمیں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مظبوط قوم کی طرح ملکر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔











