ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم کے پیشِ نظر کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس

105

لاہور،19 اگست (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم کے لیے حفاظتی انتظامات کے پیشِ نظر صوبائی وزیر قانون  راجہ بشارت کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا آٹھواں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم الحرام کےلیے کیے گئے اقدامات پرانتظامیہ نےبریفنگ دی ۔ ڈی جی خان ڈویژن کے علماء کرام اورضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان سے مشاورت بھی کی گئی۔

اجلاس  سے خطاب  کرتے  ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا   کہ  محرم الحرام کے دوران کابینہ کمیٹی اور نامزد وزراء دورے کر کے  پنجاب بھر میں سیکیورٹی  کی نگرانی کریں گے، تمام مکاتب کے علماء کرام کے مشکور ہیں کہ قیام امن میں ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ۔ راجہ بشارت نے کہا کہ ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ حکومت کا  فرض ہے ،کووڈ 19 کی وجہ سے ہمیں مخصوص چیلنجوں کا سامنا ہے اس لیے جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز پرلازمی عمل کرایا جائے۔

 راجہ بشارت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کے حوالے سے علماء کرام کے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں جبکہ  میونسپل کمیٹیوں سمیت تمام ادارے اپنے ذمہ ڈیوٹی تن دہی سے نبھائیں۔

اس موقع پر علماء کرام نے کہا کہ امنِ عامہ کے حوالے سے وزیر اعلی سردار عثمان بزدار، وزیر قانون راجہ بشارت ،پاک افواج اور پولیس کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انشاء اللہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ہر حال میں حکومت کے ساتھ فرنٹ فٹ پر کھڑے ہوں گے۔ علماء کرام کے مابین کوئی چھوٹا موٹا مسئلہ پیدا ہو تو باہم مل کر حل کر لیتے ہیں۔

شیعہ علماء کرام نے کہا کہ ہر انسان کی جان قیمتی ہے، اس لیے عزاداروں سے اپیل ہے کہ جلوسوں اور مجالس میں ماسک،سماجی فاصلے اور سینی ٹائزر کی پابندی کریں۔

 چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک نے اجلاس  کو  بتایا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد پھر بڑھنے لگی ہے، اس لیے سخت احتیاط کریں۔ پہلے سے طے شدہ روٹ، مقامات اور اوقات میں ہرگز تبدیلی نہ کی جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء محسن لغاری، حسنین دریشک، مقامی ارکان اسمبلی، ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اورعلماء کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اے پی پی /لاہور/قرۃالعین