ملتان، 19اگست )اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شجر کاری کے قومی دن کے موقع پر نجی یونیورسٹی کی تقریب می شرکت کی اور ادارے کے سربراہ اسامہ بشیر قریشی اور دیگر پروفیسرز کے ہمراہ یونیورسٹی میں پودا لگایا۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہروں میں آلودگی کے خاتمہ کے لئے اربن فارسٹیشن کی ضرورت ہےاورشہر میں گھنی شجرکاری کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہماری آنیوالی والی نسل کا حق ہے،درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں بہترین کردار ادا کرتے ہیں شجر کاری ماحولیاتی آلودگی اور بدلتے موسموں کے منفی اثرات پر قابو پانے کا بہترین راستہ ہے۔
عامر خٹک نے کہا کہ حکومت 10 بلین سونامی ٹری کے منصوبے پر عمل ہیرا ہے،نوجوان اور طلباء و طالبات اس منصوبہ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،مختلف ادارے بڑے پودے لگانے کو ترجیح دیں، پودے کو تن آور درخت بننے تک اس کی دیکھ بھال سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔
اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ یونیورسٹی نے ملتان میں 10 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا ہےپودے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں لگائے جارہے ہیں اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ شجر کاری کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے بھر تعاون کیا جائے گا۔











