حکومت پارلیمنٹ سمیت اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

78

لاہور،19 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ سمیت اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ قانون سازی کیلئے اپوزیشن کو بھی حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، اداروں کی مضبوطی سے پاکستان مضبوط اور خوشحال ہوگا۔

 ان خیالا ت کا  اظہار  انہوں نے  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  سے بدھ  کو  یہاں ملاقات میں کیا۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں حکومتی، سیاسی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

چوہدری محمدسرور  نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کا دنیا میں امیج بہتر ہو رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مشکل فیصلے کر رہی ہے، عام آدمی کیلئے احساس پروگرام جیسے منصوبے حکومت کا تاریخی اقدام ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں تمام اراکین کو بات کر نے کا یکساں موقعہ دیا جاتا ہے۔ ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کر نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کر نے کی سازشیں کر نیوالے اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔