ملتان ، 20 اگست ( اے پی پی): مون سون بارشوں کی وجہ سے انسداد ڈینگی مہم تیز کر دی گئی۔ اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی کی زیر صدارت ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس ہوا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک، سی ای او ایجو کیشن ریاض خان اور ڈاکٹر عطاالرحمان نے اجلاس میں شرکت کی۔
اے ڈی سی جی نے کہا کہ حکومت ڈینگی کے خلاف مہم کو اعلیٰ سطح پر مانیٹر کر رہی ہے۔قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ ڈینگی مہم کے حوالے سے کوئی کوتاہی نظر انداز نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں تیز کردیں۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ضلع کے ہر شعبہ کو صوبہ میں ٹاپ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ خوش آئند بات ہے کہ محکمہ صحت مختلف انڈیکٹرز کے حوالے سے پنجاب میں تیسرے نمبر ہیں۔قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے کارگردگی میں مزید بہتری لائی جائے۔ہاٹ سپاٹ کی مسلسل سرویلنس جاری رکھی جائے۔ڈینگی کے حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے ۔ڈینگی بارے اجلاسوں میں محکمے کے سربراہان اپنی شرکت یقینی بنائیں۔











